حیدرآباد ،بلدیہ کی غفلت ،اہم شاہراہوں پر گندے پانی کا راج

229

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد کی اہم ترین شاہراہوں پر جمع گندے پانی نے کاروبار تباہ اور عوام کی زندگی عذاب بنادی، بلدیہ خواب غفلت میں، تعفن نے علاقہ مکینوں کا جینا دو بھر کردیا۔ حیدر آباد کی اہم ترین اور مرکزی شاہراہیں جن میں اسٹیشن روڈ، گاڑی کھاتہ، شاہراہ فاطمہ جناح، مکی شاہ، قدم گاہ مولا علی، تلسی داس روڈ، باچا خان چوک، نورانی بستی، سخی پیر روڈ، لطیف آباد یونٹ نمبر 12 مرکزی بازار، یونٹ نمبر 7، یونٹ نمبر 4,5 سمیت دیگر علاقوں میں سیوریج کا پانی جمع ہے، جس کے باعث نہ صرف کاروبار بری طرح متاثر ہورہا ہے بلکہ علاقہ مکین شدید تعفن کے باعث پریشان ہیں۔ شہر میں جگہ جگہ جمع کچرے کے ڈھیر مچھروں کی پناہ گاہیں بنے ہوئے ہیں جبکہ بلدیہ، ایچ ایم سی اور واسا افسران خواب غفلت میں مبتلا ہیں۔ خود بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد کے قریب زنانہ اسپتال روڈ جوکہ اہم شاہراہ پر پانی بہہ رہا ہے، جس کے باعث کھوکھر محلہ، کوہ نور چوک پر بھی تالاب کا منظر ہے۔ اہم شاہراہیں بند ہونے سے بدترین ٹریفک جام روز کا معمول بن چکا ہے، جبکہ تمام علاقوں کا ٹریک رسالہ روڈ پر آگیا ہے، جو مسلسل ٹریفک جام کے مسائل سے دوچار ہے۔ ایسے میں ٹریفک پولیس اہلکار بھی صرف اپنی آمدنی بڑھانے کے لیے کام کررہے ہیں۔ شہریوں نے صوبائی وزیر بلدیات سے اپیل کی ہے کہ وہ معاملے کی سنگینی کا نوٹس لیں۔ حیدر آباد سندھ کا دوسرا بڑا شہر ہے، ٹیکس کا بڑا حصہ دیتا ہے لیکن شہر گندے پانی کا جوہڑ بن چکا ہے۔