ن لیگ اور پیپلزپارٹی آرمی ایکٹ میں ترامیم کی حمایت کرے گی،شیخ رشید

274

پشاور:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا ن لیگ اور پیپلزپارٹی آرمی ایکٹ میں ترامیم کی حمایت کرے گی۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم تعویزوں کی وجہ سے ہوئی ہے، تعویزوں کی جب ضرورت ہو کام آتے ہیں، یہ لوگ ویسے نہیں مانتے اس لیے تعویز کیے ہیں، میں سیاست کی ابابیل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی توسیع ہماری قومی ذمہ داری تھی جبکہ میں نے پہلے ہی کہا تھا ن لیگ اور پیپلزپارٹی آرمی ایکٹ میں ترامیم کی حمایت کرے گی۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کا ایجنڈا احتساب ہے، مارچ کے بعد احتساب اپنی اصل شکل میں آجائے گا، مولانا فضل الرحمان نے دسمبر کی بات کی تھی لیکن دسمبر گزر گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت میں نوجوان اپنے حق کیلئے سڑکوں پر ہیں، سارا بھارت مودی کیخلاف نکل آیا ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ اضا خیل میں نئے ڈرائی پورٹ کا افتتاح کر رہے ہیں، ڈرائی پورٹ منصوبہ 51 کروڑ روپے سے مکمل کیا گیا ہے، رحمان بابا ٹرین پر 120 فیصد بکنگ ہے، سمگلنگ خاتمے کا واحد طریقہ ڈرائی پورٹ سے مال اٹھایا جائے۔