امریکی کانگریس: ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ووٹ ڈالنے کا فیصلہ

328

امریکی ایوان اسپیکر کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی کاروائی کانگریس کی اجازت کے بغیر نہیں کر سکتے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی کانگریس صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگی فیصلوں کو محدود کرنے پر آج  ووٹ ڈالے گی۔ گزشتہ روز  امریکی ایوان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے اعلان کیا تھا  کہ جمعرات کو کانگریس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگی اختیارات کو محدود کرنے پر ووٹ ڈالا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے کانگریس سے مشورہ کیے بغیر یہ ایران پر فضائی حملہ کیا اور ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں امریکہ کی ایران کے ساتھ کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہےاور امریکی شہریوں کی زندگی کو خطرہ میں ڈال دیا ہے۔

پیلوسی نے کہا کہ ٹرمپ بھی واضح کر چکے ہیں کہ ان کے پاس امریکی عوام کو محفوظ رکھنے اور خطے میں استحکام کو یقینی بنانے کے لئے کوئی مربوط حکمت عملی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ امریکی ڈرون حملے میں ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد امریکہ اور ایران کے مابین تناؤ میں شدت آگئی ہے۔ سلیمانی  کی ہلاکت کے بعد بدھ کے روز عراق میں امریکی زیرقیادت فورسز پر میزائل حملے کرکے ایران نے جوابی کارروائی بھی کی۔