آزاد کشمیر میںتمام سیاسی جماعتوں کی اے پی سی بلانے کا فیصلہ

54

مظفرآباد( صباح نیوز)وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا حکومت آزاد کشمیر اوریہاں کی تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے پاکستان کی ساری جماعتوں کے سربراہان کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ، میزبانی حکومت آزاد کشمیر اور ساری سیاسی جماعتیں مشترکہ طور پر کریں گی ۔ کل جماعتی کانفرنس میں 5اگست کے بعد اٹھانے جانے والے بھارتی اقدامات اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان سے صدر پیپلزپارٹی آزاد کشمیرچودھری لطیف اکبر نے میاں عبدالوحید اور سردار جاوید ایوب کے ساتھ ملاقات کی ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مسئلہ کشمیر پر آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے اتحاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس کی سفارشات سے متفق ہیں اور ان پر عملدر آمد کے لیے آزاد کشمیر کی حکومت اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی ۔ ملاقات کے دوران طے پایا کہ مسئلہ کشمیر پر متفقہ لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو دعوت دینے کیلیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی اس حوالے سے آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس 12جنوری کو اسلام آباد میں ہوگا۔راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے بطور کارکن ساری سیاسی جماعتوں کے قائدین کے پیچھے چلنے کو تیار ہوں ۔ مقبوضہ کشمیر کے حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنے سیاسی اختلافات پس پشت ڈالتے ہوئے متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں اور اس حوالے سے آزاد کشمیر کی ساری سیاسی جماعتوں نے سنجیدہ طرز عمل کا مظاہرہ کیا ہے ۔