کوئٹہ،مختلف حادثات و واقعات پر 4افراد جاں بحق،10 زخمی

50

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں مختلف واقعات اور حادثات میں چار افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں واقع کلی اسماعیل خان میں گھر میں گیس بھر جانے سے دھماکا ہوا، جس سے ایک بچی جاں بحق جبکہ سات افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، زخمیوں کو بی ایم سی برن وارڈ منتقل کردیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر کمرے میں گیس بھر جانے سے میاں، بیوی تین بچوں سمیت جاں بحق ہوئے تھے۔ ادھر کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر دو گاڑیوں میں تصادم سے ایک بچے سمیت دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حادثہ ایمبولینس اور سوزوکی وین کے درمیان پیش آیا، جس کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کا ایک ملازم اور بچہ جاں بحق ہوگئے جبکہ تین افراد زخمی ہوئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ غوث آباد میں ٹریکٹر کی ٹکر سے بچہ جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ کے بعد بچے کی لاش کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں متوفی کی شناخت ہارون ولد پائند خان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے۔ پولیس نے لاش شناخت اور ضروری کارروائی کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردی گئی۔