لاہور ہائیکورٹ : کرنل(ر) انعام الرحیم کی حراست غیر قانونی قرار‘رہائی کا حکم

162

راولپنڈی(صباح نیوز)وکیل کرنل(ر)انعام الرحیم کی حراست غیر قانونی قرار‘فوری رہائی کا حکم۔ جمعرات کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس مرزا وقاص رئوف نے کرنل (ر)انعام الرحیم ایڈووکیٹ کے اہلخانہ کی جانب سے دائر رٹ پٹیشن پر سماعت کی۔ جسٹس مرزاوقاص رئوف نے کرنل (ر)انعام الرحیم ایڈووکیٹ کی حراست کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ جسٹس مرزا وقاص رئوف نے کہا کہ کرنل (ر)انعام الرحیم ایڈووکیٹ کو متعلقہ طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے حراست میں نہیں لیا گیا۔عدالت نے کرنل (ر)انعام الرحیم ایڈووکیٹ کی حراست کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا ۔ عدالت نے قراردیا کہ دائرہ اختیار کے بغیر کرنل (ر) انعام الرحیم ایڈووکیٹ کو حراست میں لیا گیا۔عدالت نے قراردیا کہ کرنل (ر)انعام الرحیم ایڈووکیٹ کی حراست کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی عدالت میں پیش ہوئے اور طویل دلائل اور کئی عدالتی فیصلوں کے حوالے دیے تاہم وہ کرنل (ر)انعام الرحیم ایڈووکیٹ کی گرفتاری کے طریقہ کار پر عدالت کو مطمئن نہیں کر سکے۔ دوران سماعت کرنل (ر)انعام الرحیم ایڈووکیٹ کے وکیل واصف بھی موجود تھے۔عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں کرنل (ر)انعام الرحیم ایڈووکیٹ کی گرفتاری کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیا ہے اور تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی ۔واضح رہے کہ اس کیس کی 2 جنوری کو سماعت کے موقع پر وزارت دفاع نے کرنل (ر)انعام الرحیم ایڈووکیٹ کو تحویل میں رکھنے کا اعتراف کیا تھا،جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔