یوکرائنی مسافر طیارے کو ایران نے تباہ کیا،صدر ٹرمپ

145

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یوکرائنی مسافر طیارے کو ایران نے غلطی سے نشانہ بنا کر تباہ کیا ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ تہران میں گرنے والے یوکرائنی طیارہ کے ساتھ کیا ہوا ہے؟ تو اس کے جواب میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے میرے کچھ شکوک و شبہات ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر شک کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے غلطی سے مسافر طیارہ کو نشانہ بنا کر تباہ کیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر پابندیاں لگادی ہیں، جسکا اعلان عنقریب محکمہ خزانہ کرے گا، نیٹو کے اثرورسوخ کو مشر ق وسطیٰ میں بڑھانا چاہیے۔

دوسری جانب یوکرائنی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ممکن ہے کہ دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد کے ذریعہ جہاز کے اندر دھماکہ کیا ہو، یوکرائنی طیارہ کی تباہی کی وجہ تہران میں نصب روسی میزائل دفاعی سسٹم بھی ہوسکتا ہے۔

ایران کے سول ایوی ایشن کے چیف علی عابدزاد نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائنسی حوالے سے اگر اس نقطہ کا جائزہ لیا جائے تو طیارے پر میزائل کے ذریعے حملہ کرنا ناممکن ہے، ان افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔

واضح رہے کہ یوکرائنی کا بوئنگ 737 طیارہ تہران کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا، ایران ریڈ کریسنٹ کے مطابق تمام 176 مسافر ہلاک ہوگئے، حادثے میں مرنے والوں میں زیادہ تر کا تعلق ایران اور کینیڈا سے تھا۔