خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں،وزیر خارجہ

178

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات نئے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ان کے چیمبر میں ملاقات کی، ملاقات میں ایران امریکا کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے بطورسفیر پاکستان تعیناتی پر سیدمحمد علی حسینی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین دیرینہ تاریخی، مذہبی و کثیرالجہتی برادرانہ تعلقات ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں ہے، پاکستان علاقائی کشیدگی کم کروانے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے، اس مقصد کے لئے خطے کے مختلف وزرائے خارجہ سے رابطے جاری ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے امید کا اظہار کیا کہ ان کی بطور سفیر تعیناتی سے پاک ایران دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر جلد ایران سمیت اہم بیرونی دوروں پر روانہ ہوں گے۔