کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان میں مختلف پرتشدد واقعات اورحادثات کے نتیجے میں5 افراد جاں بحق جبکہ15 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق لسبیلہ میں کوئٹہ سے کراچی جانے والی کوچ تیز رفتاری کی وجہ سے اور ناچ کے مقام پر اُلٹ گئی جس کے باعث2 مسافر جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق اور زخمی افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال خضدار منتقل کر دیا گیا۔ ضلع نوشکی میں علاقے کلی کڈی دیدار میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے عبدالغنی جمالدینی اور اس کے جواں سال بیٹے بدل خان کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے ۔ ضلع ژوب کے علاقے قمر دین کاریز میں نامعلوم ملزمان نے تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص کو قتل کر دیا فرار ہو گئے۔ ضلع سبی کے علاقے حاجی شہر میں 2 گاڑیاں آپس میں ٹکرانے کے باعث 2 خواتین سمیت 6 فراد زخمی ہو گئے۔