ہلیری کلنٹن ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار نامزد

187

امریکا کی سابق وزیرِ خارجہ ہلیری کلنٹن نے ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی اکثریتی جماعت کی جانب سے بطور خاتون صدر نامزدگی کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق ہلیری کلنٹن نے فلاڈیلفیا میں منعقد ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے کنوینشن کے دوران ہونے والی ووٹنگ کے نتیجے میں 2382 ووٹ حاصل کیے۔

برنی سینڈرز جنھوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے لیے ہلیری کلنٹن کی حمایت کا اعلان کیا تھا نے جماعت کے اتحاد کی علامت کے طور پرسٹیج پر آکر ہلیری کی نامزدگی کا اعلان کیا۔

نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں اب ہلیری کا مقابلہ ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوگا۔

اس سے قبل ہلیری کلنٹن نے ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ٹم کین کو اپنا نائب صدارتی امیدوار منتخب کیا تھا۔کلنٹن نے ایک ٹویٹ میں اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔ وہ ہفتے کو اس کا باضابطہ اعلان کریں گی۔