اتر پردیش: بھارتیہ جنتا پارٹی اور قانون ساز اسمبلی کے ممبر وکرم سینی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بھی بی جے پی کی طرح شہریت ترمیمی قانون بنانا چاہیے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے وکرم سینی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کو مشورہ دیا ہے کہ پاکستان کو بھی ہندوستان سے “غمزدہ مسلمانوں” کو بلانے کے لئے شہریت ترمیمی قانون کو نافذ کرنا چاہئے۔
وکرم سینی کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو پاکستان میں ستایا جاتا ہے وہ ہندوستان آسکتے ہیں اور جن کو یہاں تکلیف ہوتی ہے وہ پاکستان جاسکتے ہیں، انہیں کوئی نہیں روک رہا ۔
شہریت ترمیمی قانون کو پارلیمنٹ نے 11 دسمبر کو منظور کیا تھا اور صدر رام ناتھ کووند نے 13 دسمبر کواس پر حتمی دستخط کر کے قانونی حیثیت دی تھی۔شہریت ترمیمی قانون مسلم ممالک بنگلہ دیش، افغانستان اور پاکستان سے تعلق رکھنے والی چھ اقلیتی مذہبی جماعتوں کے مہاجرین کو شہریت فراہم کرتا ہے اور مسلمانوں کو اس قانون سے مستثنیٰ قرار دیتا ہے جس پر وسیع پیمانے پر تنقید کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ وکر سینی نے اگست میں آئین کے آرٹیکل 370 کے تحت جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے پر تقریر کرتے ہوئے غیر اخلاقی تبصرے کیے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ مسلم پارٹی کارکنان نئی شقوں پر خوش ہوں۔ وہ اب کشمیر کی گوری خواتین سے شادی کر سکتے ہیں۔