بلوچستان: مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری، نشیبی علاقے زیر آب

84

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری، ندی نالوں میں طغیانی آنے سے نشیبی علاقے بھی زیر آب آگئے، کوئٹہ سمیت شمالیاضلاع میں برفباری اور بارشوں سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا جبکہ اس دوران گیس پریشر بھی ختم ہوکر رہ گیا، لوگوں کو سردی سے محفوظ رہنے اور گھریلو معاملات کی انجام دہی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، زیارت اور قلعہ سیف اللہ میں بارش کے ساتھ برفباری، جبکہ تربت، لوارالائی، تمپ، بلیدہ، مند، نوکنڈی، دالبندین، نوشکی، واشک، گوادر، قلات، خضدار، بارکھان، سبی میں بارش ہوئی، بارش کے دوران مختلف اضلاع میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے، چمن کے قریب کوڑک ٹاپ پر برفباری کے باعث ٹریف معطل ہوگئی۔ محکمہ موسمیات نے آج اور کل بھی بارش کے ساتھ مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ پی ڈی اے حکام کے مطابق مختلف اضلاع میں طوفانی بارش اور برف باری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا ہے۔