کوئٹہ، سیٹلائٹ ٹائون کی مسجد میں دھماکے کا مقدمہ درج

98

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹائون کی مسجد میں دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، دھماکے کے آٹھ زخمیوں کو ڈسچارج کر دیا گیا ۔کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹائون کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ کائونٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ میں درج، سی ٹی ڈی کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سیٹلائٹ ٹائون کی مدعیت میں دہشت گردی، بارودی مواد رکھنے، قتل، اقدام قتل کی دفعات کے تحت نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کیا گیا۔ سیکورٹی حکام کے مطابق دھماکا خود کش تھا۔ دھماکے میں 6 سے 8 کلو بارودی مواد بال بیرنگ استعمال کیے گئے۔ جائے وقوعہ کو سیل کردیا گیا ہے۔ شواہد اکھٹے کرکے فرانزک کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے۔ دوسری جانب دھماکے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی میتیں ورثا کے حوالے کردی گئیں، جاں بحق ہونے والوں میں چار کا تعلق پشین اور چمن سے تھا، 8 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا، جبکہ دیگر زخمی تاحال سول اسپتال میں زیر علاج ہیں۔