مودی کا مغربی بنگال کا دورہ:مظاہرین نے راستہ روک لیا

259

کلکتہ:بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دورے کے موقع پر مظاہرین نے ان کا راستہ روک لیااور مودی سرکار کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دورے کیلئے کلکتہ ائیر پورٹ پہنچے تو متنازع شہریت بل پر احتجاج کرنے والے مظاہرین نے ان کا راستہ روک لیااور مودی سرکار کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔

اس موقع پرمظاہرین نے احتجاجی ریلی نکالنے کے ساتھ ساتھ ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی۔

احتجاج کے باعث بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کوملٹری ہیلی کاپٹر کے زریعے مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے گھر جانا پڑا،مظاہرین کی بڑی تعداد ممتا بنر جی  کے گھر پہنچنے میں کامیاب ہوگئی تاہم پولیس نے مظاہرین کو وزیراعلیٰ کے گھر جانے سے روک دیا۔

مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنر جی نے بھارتی وزیر اعظم سے دو ٹوک میں بات کرتے ہوئے متنازع شہریت بل 2019 کو واپس لینے کو کہا، مودی نے مصروفیت کا بہانہ بناتے ہوئے متنازع قانون پر تبادلہ خیال کو اگلی میٹنگ تک موخر کردیا۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ ممتا بنرجی بھی مظاہرین کے ساتھ احتجاج میں شامل ہوگئیں۔

واضح رہے کہ 11 دسمبر 2019 کو بھارتی پارلیمنٹ میں متنازع شہریت بل پاس ہوا تھا جس میں مسلمانوں کے علاوہ تمام اقلیتوں کو شہریت دی جائے گی،متنازع بل کی منظوری کے بعد بھارت بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔