راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اللہ کے دین کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ہمارے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو ڈھالنے میں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی پی پی 11 کی یونین کونسلوں کے تنظیمی دورے کے دوران مختلف مقامات پر اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس دورے میں ضلعی جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد اور نائب امیر چودھری منیر احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر امیر زون پی پی 11 حاجی یار محمد اور جنرل سیکرٹری ضیا القمر نے بریفنگ دی۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ یہود و ہنود اسلام اور مسلم معاشرے پر حملہ آور ہیں ۔وہ ہماری اجتماعیت اور اتحاد و یکجہتی کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارا مضبوط خاندانی نظام ان کا خاص نشانہ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم دشمن کی چالوں اور حربوں کو سمجھتے ہوئے اپنے اندر بھائی چارے اور اتحاد کو مضبوط بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے حواری مسلم ممالک کے اندر غلط فہمیاں پیدا کرنے اور ان کو آپس میں لڑانے کے لیے طرح طرح کی چالیں چل رہے ہیں اور سازشوں میں مصروف ہیں۔ہمیں ہر وقت چوکنا رہنے اور دشمن کی سازشوں کو اپنے اتحاد و یکجہتی سے ناکام بنانے کے لیے کام کرنا ہے ۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ الحمد للہ ! جماعت اسلامی وطن عزیز کے اندر بھی اور علاقائی و بین الاقوامی سطح پر بھی مسلم اُمہ کے آپس کے اتحاد اور ہم آہنگی کے لیے کوشاں رہتی ہے۔ غیر مسلم طاقتوں کے مقابلے میں مسلمانوں کا اتحاد ہماری سب سے بڑی ضرورت اور دفاعی لائن ہے۔