چوہڑ جمالی، مڈل بوائز اسکول کی عمارت نامکمل، تدریسی عمل متاثر

105
چوہڑ جمالی: قادر ڈنو شاہ میں مین بوائز مڈل اسکول علی محمد میمن کی عمارت کی تعمیر کا کام التوا کا شکار ہے

چوہڑ جمالی (نمائندہ جسارت) چوہڑ جمالی کے شہر قادر ڈنو شاہ میں مین مڈل بوائز اسکول علی محمد میمن کی عمارت کا کام سات ماہ گزرجانے کے باوجود مکمل نا ہوسکا، چھے ماہ کے اندر لاکھوں روپے کی لاگت سے بننے والی عمارت کا کام مذکورہ ٹھیکیدار کی نااہلی کے باعث تعطل کا شکار ہے، سات ماہ سے زائد عرصہ گزر گیا ابھی تک عمارت کا کام مکمل نہیں ہوسکا جس کے باعث طلبہ و طالبات شدید مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ طلبہ اسکول کے بجائے مویشی چرانے اور مزدوری کرنے پر مجبور، کئی مرتبہ شکایات پر بھی محکمہ تعلیم سجاول کی آنکھیں نہ کھل سکیں۔ رہائشیوں محمد میمن، ملک نذیر میمن، شاہد میمن، مراد سولنگی سمیت دیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ سات ماہ گزر گئے ہیں، مین بوائز مڈل اسکول علی محمد میمن کی عمارت کا کام نہیں ہوسکا ہے جس کے سبب ہمارے بچی تعلیم کے بجائے مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ شہر دور ہونے کے باعث بچوں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔ محکمہ تعلیم سجاول اور ڈی سی سجاول کو متعدد بار شکایات کے باوجود اسکول کا مرمتی کا کام مکمل نہیں کیا جارہا۔ مذکورہ ٹھیکیدار کام آدھے میں چھوڑ کر رفو چکر ہوگیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سمیت حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ قادرڈنو شاہ مین مڈل بوائز اسکول علی محمد میمن کی عمارت کا کام فوری مکمل کرا کر بچوں کو تعلیم کی محرومی سے بچایا جائے۔