پشاور(آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ صوبے کی یونیورسٹیوں میں باہر سے وائس چانسلرز تعینات کرنا صوبے کے افسران کے ساتھ زیادتی اور ان کے قابلیت کو ضائع کرنے کے مترادف ہے،وہ حقوق جو ہم نے سختیاں جھیلنے کے بعد حاصل کیے ہیں وہ اتنی آسانی سے واپس نہیں ہونے دیں گے۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کا یہ خیال ہے کہ خیبرپختونخوا میں قابل افسران کی کمی ہے ،ہر دوسرے محکمے میں مقامی افسران کو نظر انداز کرکے باہر سے افسران کو تعینات کیا جائے، سازش کے تحت ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ،وومن یونیورسٹی صوابی،یونیورسٹی آف ایگریکلچر ڈیرہ اسماعیل خان ،ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ اور یونیورسٹی آف لکی مروت کے لیے دیگر صوبوں کے افسران کو ترجیح دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اے این پی صوبے کا حق مانگ رہی ہے، محکمہ تعلیم جو 18ویں آئینی ترمیم سے پہلے وفاق کے پاس تھا،اب ایک نئی شکل میں اُس کو وفاق کے ہاتھوں میں دیا جارہا ہے۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اپنی کمزور پوزیشن کی وجہ سے تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے کیونکہ یہ وفاقی حکومت کی پالیسی ہے کہ وہ خیبرپختونخوا کے وسائل پر دیگر صوبوں کے انوسٹرز کو خوش کر سکیں۔