سری نگر/ واشنگٹن (خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم رکھا جس کے نتیجے میں 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع پلوامہ کے علاقے گلشن پورہ میں سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والے ایک نوجوان کی شناخت حماد خان کے نام سے ہوئی‘ نوجوانوں کی شہادت پر علاقہ مکین بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئی اور بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔قابض بھارتی فوج کے ترجمان نے شہید نوجوانوں کو دہشت گرد قرار دیا۔ مقبوضہ وادی کے باسیوں کو مسلسل قید میں رہتے ہوئے 161روز ہو گئے‘ دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے‘ سری نگر میں حریت کانفرنس کے زیر اہتمام طلبا نے مظاہرہ کیا۔ آزادی کے متوالوں نے مسئلہ کشمیر پر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش پر بھارت کی مذمت کی۔ بھارتی فورسز نے سری نگر، کلگام، بڈگام اور بارہمولا سمیت مختلف اضلاع سے متعدد نوجوانوں کو گھرگھرتلاشی کے دوران گرفتارکیا۔ امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کااظہار کیا۔