بی جے پی کا آلہ کار بننے والوں کو کشمیر کاز کا غدار تصور کیا جائیگا، حریت قیادت

96

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت پسند تنظیموں جموں و کشمیر پیپلز لیگ، جموں و کشمیر ینگ مینز لیگ اور دیگر حریت پسند تنظیموں نے سری نگر میں جاری اپنے بیانات میں پی ڈی پی کے سابق رکن الطاف بخاری جیسے لوگوں کو بی جے پی کے نئے آلہ کار کے طور پر خود کو پیش کرنے پر خبردارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ان لوگوں کو کشمیر کاز کا غدار تصور کیا جائے گا۔ ان غداروں کے ساتھ ایسا سلوک کیا جائے گا کہ کوئی بھی بی جے پی اور آر ایس ایس جیسی فسطائی تنظیموں کے ساتھ تعاون کرنے کی جرأت نہیںکرسکے گا۔ واشنگٹن میں امریکی کانگریس کی خاتون رکن ڈیبی ڈینجیل نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مواصلاتی ذرائع پر پابندی اور لوگوں کی بڑے پیمانے پر نظربند ی ختم کرے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت تنظیموں نے بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ہر سیاستدان کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ بی جے پی کے رہنمائوں نے یہاں کے سابق وزرائے اعلیٰ کی کس طرح تذلیل کی ہے۔ علاوہ ازیں امریکی کانگریس میں قرارداد پیش کرنے والوں میں شامل ہونے والی ڈیبی ڈینجیل نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ قرارداد نمبر 745 جس کو 2019ء میں ایوان نمائندگان میں بھارتی نژاد امریکی کانگریس کی خاتون رکن پریمیلا جیا پال نے متعارف کرایا تھا اس کی حمایت کرنے والوں کی تعداداب 36 ہوگئی ہے۔ ڈیبی ڈینجیل نے کہا کہ کشمیر میں ہزاروں افراد کو بلاجوازگرفتار اور لاکھوں افراد کو انٹرنیٹ اور ٹیلیفون کی سہولت سے محروم کردیا گیا ہے۔