پی ٹی ایم کے مطالبات اے این پی منشور کا حصہ ہیں‘ اسفند یار

122

پشاور (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان نے بنوں جلسے میں منظور پشتین کی پختونوں کے مسائل مشترکہ طور پر حل کرنے کی پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اے این پی نے ہمیشہ پختونوں کے حقوق، خودمختاری، امن کے بیانیے، قومی مساوات، آئین و قانون کی بالادستی اور وفاقی پارلیمانی جمہوریت کو مقدم رکھا ہے۔ باچا خان مرکز پشاور سے جاری اپنے بیان میں اسفند یار ولی خان نے کہا کہ پختون تحفظ موومنٹ کے مطالبات اے این پی منشور کا حصہ ہیں‘ اے این پی نے اُن کے مطالبات کی روز اول سے حمایت کی ہے۔ اسفندیار ولی خان نے مزید کہا کہ جیلیں کاٹنے، سختیاں جھیلنے، قدغنیں لگنے اور ہر جابر و استیصالی قوت کے خلاف کھڑی رہنے والی جماعت کا نام اے این پی ہے ‘ جمہوریت میں مکالموں اور مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوتے‘ اے این پی ہر کسی سے بات کرنے کو تیار ہے۔