قومی سلامتی ،ملکی دفاع پر سمجھوتا نہیں ہوگا، کور کمانڈرز کانفرنس

222
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کررہے ہیں

راولپنڈی (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و سلامتی کا اہم شراکت دار ہے۔ پاکستان قومی سلامتی اور دفاع پرسمجھوتہ کیے بغیر اپنا ذمہ دارانہ مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ وہ کورکمانڈرز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 228ویں کورکمانڈرز کانفرنس منگل کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی ۔ فورم نے جیو اسٹریٹجک ،علاقائی و قومی سلامتی صورتحال ، داخلی سلامتی صورتحال اور سرحدی و کنٹرول لائن کی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ فورم نے مشرق وسطی کی امریکا ایران تنازعہ کے تناظر میں بدلتی ہوئی سلامتی کی صورتحال اور اس کے علاقائی امن و سلامتی پر اثرات کا بھی جائزہ لیا ۔ کورکمانڈر کانفرنس نے بھارتی فوجی قیادت کے غیر ذمہ دارانہ اشتعال انگیز بیانات کا نوٹس لیا۔ بھارتی فوجی قیادت کے پاکستان کے خلاف جارحانہ بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں، ایسے بیانات کے خطے کے امن و استحکام پر منفی اثرات ہونگے۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورکمانڈر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و سلامتی کا اہم شراکت دار ہے، پاکستان خطے میں امن سلامتی کے لیے اہم اور نمایاں خدمات ہیں ۔کانفرنس میں ملک میں پائیدار امن کے لیے پاک فوج کی کوششیں جاری رکھنے اور علاقائی امن کے لیے تمام اقدامات کی حمایت کے عزم کا ا ظہار کیا گیا۔شرکا نے ملک میں قیام امن کے لیے ریاستی اداروں اور قانون کی حکمرانی کے لیے اپنا مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔