میجر جنرل آصف غفور کا تبادلہ، بابر افتخار نئے ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات

719
میجر جنرل آصف غفور کا تبادلہ، بابر افتخار نئے ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات

راولپنڈی (صباح نیوز) پاک فوج میں تقرر اور تبادلے کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار کو شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا ڈائریکٹر جنرل تعینات کر دیا گیا ، جبکہ میجر جنرل آصف غفور کا تبادلہ کرکے انہیں جی او سی 40 ڈویژن (اوکاڑہ) تعینات کردیا گیا۔ میجر جنرل اظہر وقاص کو ڈی جی ایم آئی لگا دیا گیا،آئی ایس پی آر اعلامیے کے مطابق نئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار اس سے پہلے آرمر ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) ون کے عہدے پر فرائض انجام دے رہے تھے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا تعلق آرمڈ کور کی یونٹ 6 لانسر سے ہے۔ انہوں نے 1990ء میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ میجر جنرل بابر افتخار کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ سے گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور اردن کے رائل کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج سے بھی دفاعی تعلیم حاصل کی۔ میجر جنرل بابر افتخار دوران ملازمت کمانڈ اینڈ اسٹاف پوزیشنز پر کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ، وہ بریگیڈ میجر، انفنٹری کے بریگیڈیئر اسٹاف کے عہدے پر بھی تعینات رہے۔ بابر افتخار نے آپریشن ضرب عضب کے دوران انفنٹری اور آرمڈ بریگیڈ کی کمانڈ کی جبکہ این ڈی یو اور پی ایم اے میں انسٹرکٹر کی خدمات بھی سرانجام دے چکے ہیں۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ میجر جنرل بابر افتخار کے 4 بیٹے ہیں،علاوہ ازیں میجر جنرل آصف غفور اوکاڑہ میں پاک فوج کی 40 ویں انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ(جی او سی)کی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔ انہوں نے 1988ء میں پاکستانی فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ بعد ازاں میجر جنرل آصف غفور نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ الحمداللہ، ان سب کا شکریہ جن کے ساتھ میں اپنے دور میں منسلک رہا، میں تمام میڈیا کا شکر گزار ہوں، پاکستانی عوام کی محبت اور سپورٹ پر ان کا بھی تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔انہوں نے نئے ڈی جی آیس پی آر کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔خیال رہے کہ 15 دسمبر 2016 کو میجر جنرل آصف غفور کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا تھا۔