اسٹیٹ بینک کا شرح سود کو برقراررکھنے کا فیصلہ

176

گورنراسٹیٹ بنک اشرف وتھرا نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج انڈیکس میں تیزی کا رجحان رہا،زرمبادلہ کے ذخائر اور ٹیکس محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا،مثبت پالیسیوں کی وجہ سے افراط زر پر قابو پانے میں مدد ملی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک اشرف وتھرا نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر اور ٹیکس محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جب کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں انڈیکس میں تیزی کارجحان رہا، کرنٹ اکائونٹ خسارے میں کمی ہوئی ہے جب کہ پرائیویٹ سیکٹر کریڈٹ کی رفتاربڑھ رہی ہے۔

گورنراسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے اور افراط زر پر قابو پانے میں مدد ملی ہے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے، صنعتوں کیفروغ اور دہشت گردی میں کمی سے ملک کی معیشت مزید بہتر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں اسٹیٹ بینک نے آئندہ دو ماہ کے لیے شرح سود 5.75فیصد کی سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اشرف وتھرا نے کہا کہ رواں سال مثبت عوامل کے تسلسل سے معاشی استحکام میں مدد ملے گی،نجی شعبے نے قرضوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا ہے،اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال بنیادی شرح نمو میں اضافہ متوقع ہے،ترقیاتی اور اقتصادی راہداری منصوبوں پر عملدرآمد سے اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی آئیگی۔