پاکستان خطے میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا ،وزیر خارجہ

193

نیویارک:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔

واشنگٹن میں سینٹر برائے اسٹریٹجک اور انٹرنیشنل اسٹڈیز میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امریکا تعلقات انتہائی اہم ہیں، پاکستان امریکا اور ایران میں کشیدگی کم کرانا چاہتا ہے، فریقین کشیدگی بڑھانے والا کوئی قدم نہ اٹھائیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس  ایس) بھارت کو ہندو ریاست بنا رہی ہے، مسئلہ کشمیر اب تک سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر حل طلب ہے، بھارت کشمیر میں سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارتی فوج پاکستان کے خلاف جارحانہ عزائم رکھتی ہے، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کے حصول کے لیے امن کے خواہاں ہیں، پاکستان خطے میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، افغانستان میں امن کے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیر خارجہ نے نائب امریکی وزیر دفاع جان روڈ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے ایران، سعودی عرب دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا،ملاقات میں پاک امریکا دفاعی تعلقات اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔

امریکی وزیر دفاع جان روڈ نے جنوبی ایشیا میں پاکستان کی جانب سے امن واستحکام کی کوششوں کی تعریف کی ۔