الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا مدت ملازمت پوری ہونے پر سبکدوش ہوگئے

146

پشاور (اے پی پی) الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا پیر مقبول احمد مدت ملازمت پوری کر کے سبکدوش ہوگئے، الیکشن کمیشن نے ایڈیشنل ڈی جی شریف اللہ کو نیا الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا تعینات کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا۔ نئے صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا شریف اللہ اگلے ہفتے اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ سبکدوش صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا پیر مقبول احمد کے اعزاز میں افسران و جملہ اسٹاف نے الوداعی تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں رکن الیکشن کمیشن محترمہ جسٹس(ر) ارشاد قیصر نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ افسران و اسٹاف کی جانب سے پیر مقبول احمد کو پھول اور تحائف پیش کیے گئے اور ان کی گراں قدر خدمات پر ان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ رکن الیکشن کمیشن محترمہ جسٹس(ر) ارشاد قیصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیر مقبول احمد ایک قابل اور متحرک افسر تھے انہوں نے اپنے فرائض انتہائی ایمانداری سے انجام دیے۔ آفیسرز کی جانب سے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عنایت اللہ خان اور اسٹاف کی طرف سے عارف اللہ نے خطاب کیا اور سبکدوش صوبائی الیکشن کمشنر کی خدمات کو سراہااور ان کی خوشحال زندگی کی دعاکی۔ پیر مقبول احمد نے اپنے اعزاز میں شاندار الوداعی پارٹی منعقد کرنے پر تمام افسران اور اسٹاف کا شکریہ ادا کیا۔