حیدرآباد ،ایڈیشنل ڈی سی ون کا اتوار سے بچت بازار لگانے کا اعلان

116

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون لیاقت علی کلہوڑو نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی میں عوام کو ریلیف مہیا کرنا ضلعی انتظامیہ کی ذمے داری ہے، اس لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حیدر آباد کے تمام تعلقوں میں اتوار بچت بازار لگائے جائیں گے، جہاں عوام کو اشیا خورونوش سستے داموں ملیں گی۔ یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر شہباز بلڈنگ حیدر آباد میں متعلقہ اداروں کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نے کہا کہ بہت جلد حیدرآباد کے تمام تعلقوں میں اتوار بازار لگانے کے لیے مقامات کا تعین کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان بچت بازاروں میں روز مرہ استعمال کی ضروری اشیا چاول، دالیں، گھی، چینی اور آٹے سمیت سبزیاں اور پھل بھی عوام کو سستے داموں ملیں گے۔ آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حیدر آباد کے تمام تعلقوں میں 36 مختلف مقامات پر سستے آٹے کے اسٹالز لگائے گئے ہیں، جہاں آٹا سستے دام پر فروخت ہو رہا ہے۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ فلور ملوں کو گندم کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ملوں کے مالکان کو بھی پابند کیا جائے کہ وہ سرکاری قیمت پر آٹا فروخت کریں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد فراز صدیقی، محکمہ خوراک کے افسران اور فلور مل ایسوسی ایشن کے نمائندے و دیگر موجود تھے۔