حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) النور فاؤنڈیشن کی جانب سے قاسم آباد کے مختلف علاقوں میں انڈس لیب کے تعاون سے بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کیے گئے جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنے خون کے عطیات دیے۔ اس موقع پر کیمپ کے آرگنائزر اور انڈس لیب کے انچارج محمد خالد نے کیمپ میں موجود افراد سے ملاقات کرتے ہوئے کہاکہ خون کا عطیہ دینا خداوند کی جانب سے بہت بڑا صدقہ ہے۔ انڈس لیب حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، کراچی سمیت دیگر علاقوں میں قائم حیدر آباد کے معروف و مشہور سرکاری اسپتال میں تازہ خون مستحق و نادار مریضوں کو دیا جاتا ہے۔ اس موقع پر النور فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ارباز خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ النور فاؤنڈیشن نے سندھ بھر میں فلاحی سرگرمیوں کو جاری رکھا ہوا ہے ، ان سرگرمیوں کے تحت سندھ بھر میں میڈیکل اور دیگر خون کے عطیات دینے کے حوالے سے کیمپ منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ نادار اور مستحق بچوں اور بچیوں کو تعلیم، تربیت کے حوالے سے بھرپور مدد دی جاتی ہے۔ خاص طورپر سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں داخل ہونے والے مستحق، غریب اور مسکین طلبہ کے لیے خصوصی رہنمائی ڈیسک قائم کیا گیا ہے، جس کے تحت تعلیم کے مختلف شعبوں کے حوالے سے طلبہ وطالبات کو آگاہی دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ النور فائونڈیشن کے زیر اہتمام سندھ بھر میں فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے، جس کے تحت سندھ کے مختلف دیہی، شہری علاقوں میں خون کے عطیات اور اپنے خون کے ٹیسٹ کے حوالے سے خصوصی آگاہی دی جائے گی اور اس کے ساتھ ساتھ مختلف جگہوں پر کیمپ بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ لوگ اپنے خون کے عطیات نادار اور مستحق مریضوں تک پہنچا سکیں۔