لاکھوں روپے تنخواہ لینے والا وزیراعظم بھی مہنگائی سے تنگ ہے ،راجا محمدجواد

71

راولپنڈی (وقائع نگارخصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمدجواد نے کہاکہ مہنگائی اس قدرہے کہ لاکھوں روپے تنخواہ اورمراعات لینے والا وزیراعظم بھی چیخ اٹھاکہ میراگزارانہیں ہوتا ،تحریک انصاف کی وفاقی اورصوبائی حکومتیں مسخروں اورجوکروں پرمشتمل ہے تبدیلی کا سونامی قوم پر عذاب بن کرمسلط ہوا ،ہم پہلے سے کہہ رہے تھے کہ ن لیگ ،پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف ایک ہیں اوروقت نے ثابت کردیا کہ نااہل اوربددیانت ایک ہی ٹوکری میں جمع ہیں ۔مہنگائی ،بے روزگار ی ،اسٹریٹ کرائم نے عوا م کا جینا دوبھرکردیا ہے اب قوم کے پاس جماعت اسلامی او رسراج الحق جیسی دیانت لیڈرشپ کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ۔وہ راولپنڈی،گوجرخان ،کلرسیدا ں ،ٹیکسلاواہ کینٹ سے عوامی احتجاج میں شرکت کے لیے آنے والی ریلیوں اورکارکنان سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر احتجاجی ریلیوں کی قیادت ضلعی سیکرٹری سیدامجدحسین شاہ، صدرجے آئی یوتھ ضلع راولپنڈی سردارتفہیم اعظم، محمدتاج عباسی،امتیازعلی اسلم ،ملک محمدالیاس ،محمدثاقب صدیقی،خواجہ وقارخان ،جاویداقبال ،خالد مرزاسمیت دیگرذمہ داران نے کی ۔راجا محمدجواد نے کہاکہ بزدارکی صوبائی حکومت نے پنجاب میں نااہلی کے نئے ریکارڈ قائم کئے ان کے وزرا کی فوج نے صوبائی خزانے پرعیاشی کرتے ہوئے 17ماہ میں عوامی مسائل کے حل اور کچھ ڈیلیورکرنے کے بجائے سابقہ حکومتوں کا نوحہ پیش کیا۔ڈیڑھ سال سے اقتدارکے مزے لوٹنے والے شرم کریں اوراپنی نااہلی کی ذمے داری سابقہ حکومتوں پرڈالنے کے بجائے اپنے وعدے پورے کریں یا عوام کی جان چھوڑدیں۔