حکومتی نا اہلی سے عوام کا جینا محال ہو گیا ہے ،رانا طہٰ

82

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 113کے آئندہ سیشن2020-21ء کے لیے نومنتخب مجلس شوریٰ کے ارکان ڈاکٹرعزیر حسن ، محمدرمضان سفری،محمدفاروق بیگ،قاری عبدالخالق، منور حسین راحت جبکہ بربنائے عہدہ ارکان شوریٰ ڈاکٹر محمدانور،میاںالطاف حسین،میاںمحمدشفیق نے زونل امیر راناطٰہٰ خاں کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں حلف اٹھالیا۔چودھری محمد یعقوب، میاں اعجا ز حسین،میاںعتیق الرحمن بوجہ مصروفیات اجلاس میں شریک نہ ہوسکے جن کا حلف بعدمیں لیا جائے گا۔ اس موقع پر زونل عہدیدارن رانا نذیر خاں ، مدثر ظفر اور دیگر عہدیدارن بھی موجودتھے۔اجلاس میں کل مورخہ 24 جنوری کو مہنگائی کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرہ میں اور5فروری کو یوم کشمیرکے موقع پرہونے والی ریلی میں شرکت کے لیے تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے زونل امیر راناطٰہٰ خاں نے کہاکہ نومنتخب حکومتی نا اہلی سے عوام کا جینا محال ہو گیا ہے ۔ سبزیوں اوردالوں کی قیمتوں میں 150 سے 300 فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے رہی سہی کسر آٹا کے بحران اور اس کی قیمتوں میں ہو شربااضافہ نے نکال دی ہے ۔ رہنمائوں نے کہاکہ جب سے موجودہ حکومت برسراقتدار آئی ہے ،عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مسلسل پریشان کرنے اور مہنگائی میں اضافہ کی صورت میں زندگی مشکل بنانے کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے ،اشیاء خوردونوش کی طلب اور رسد میں مصنوعی فرق اورحکومتی نااہلیوں کی وجہ سے ضرویات زندگی کا عوام تک پہنچنے کو محال بنا دیا گیا ہے ۔لوگ قطاروں میں لگ کر اضافی قیمت کے ساتھ آٹا خرید رہے ہیں ،ہرچیز عام آدمی کی پہنچ سے دورہوچکی ہے اس مہنگائی کا حکومت کھلے عام اعتراف کررہی ہے ۔ جنرل سیکرٹری ڈاکٹرمحمدانورنے کہاکہ صرف اعتراف کافی نہیںمہنگائی کے خاتمے کیلئے حکومت کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے ۔