دبئی: امریکی سفارت کار برائن ہک نے قاسم سلیمانی کے جانشین اسماعیل غنی کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے بھی امریکیوں کو نقصان پہنچایا تو ان کا بھی انجام سلیمانی جیسا ہوگا۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق برائن ہک نے ایک عربی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئےکہا ہے کہ اگر ایران کے نئے کمانڈر اسماعیل غنی نے قاسم سلیمانی کے امریکیوں کے قتل کرنے کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کی یا امریکی مفاد کو نقصان پہنچایا تو ان کا بھی انجام وہی ہوگا جو سلیمانی کا ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےیہ پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ امریکیوں یا امریکی مفادپر کسی بھی حملے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، یہ کوئی نئی دھمکی نہیں ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ نے 3 جنوری کو بغداد میں ڈرون حملہ کیا تھا جس میں ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی ہلاک ہوگئے تھے جس پر ایران نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے 8 جنوری کو عراق میں عین الاسد ائیر بیس پر درجنوں میزائل سے حملے کئے جس میں 11 امریکی فوجیوں سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔