آٹا بحران کی اصل وجہ حکومت کی نااہلی اور کرپشن ہے، سینیٹر مشتاق خان

67

پشاور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتا ق احمد خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت میں لوگوں کی چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں، اٹھارہ ماہ میں لوگوں کی چیخیں نکل گئیں، پاکستان اناج اور غلے کا گودام ہے۔ زرعی ملک میں روٹی اور آٹا نہ ملنا سمجھ سے بالاتر ہے، آٹے کی ایک بوری کے لیے لوگوں کو قطاروں میں کھڑے ہوکر خوار ہونا پڑتا ہے، بحران کی اصل وجہ حکومت کی نااہلی اور کرپشن ہے، راولپنڈی میں ڈپٹی فوڈ ڈائریکٹر کے اہم عہدے پر اسکول ٹیچر تعینات ہے، حکومت نے سستے داموں پانچ لاکھ ٹن گندم ایکسپورٹ کی، اب تین لاکھ ٹن گندم امپورٹ کررہی ہے، فوڈ کنٹرول کی اتھارٹی ایک غیر منتخب شخص جہانگیر ترین کے حوالے کردی گئی ہے۔ جہانگیر ترین نے ہی گندم ایکسپورٹ کی اب وہی امپورٹ بھی کررہے ہیں،تحریک انصاف میں موجود فلور مل مافیا نے آٹا بحران سے 40ارب روپے لوٹ لیے۔ جہانگیر ترین کو فوراً گرفتار کیا جائے،اور ان سے تحقیقات کی جائیں، بحرانوں کی ذمے دار وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہیں۔پی ٹی آئی نے نئے پاکستان کی جگہ مہنگااور بحرانوں والا پاکستان دیا ہے، یہ تحریک انصاف نہیں تحریک بحران ہے۔پی ٹی آئی اور مہنگائی ایک ہی چیز اور لازم و ملزوم ہیں۔ 24جنوری بروز جمعہ جے آئی یوتھ کے کارکنان صوبے بھر کے ضلعی ہیڈکوآرٹرز میں آٹے کے بحران اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں گے۔