پاکستان میں کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا

337

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں ابھی تک کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ چین میں اب تک کرونا وائرس کے 890 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 26 افراد کی موت ہوئی ہے۔

وہ کرونا وائرس سے بچاو کے لیے منعقدہ جائزہ اجلاس سے صدارتی خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام سربراہ قومی ادارہ صحت اور پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا سمیت تمام سرکاری اسپتالوں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ان اقدامات کا جائزہ لیا گیا جو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اب تک اٹھائے گئے ہیں۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرونا وائرس سے عوام کو بچانے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سمیت ملک کے تمام بڑے ائیرپورٹس پر اسکریننگ کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ چین سے آنے والے تمام مسافروں کی اسکریننگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکریننگ کے عمل میں مسافر کی میڈیکل ہسٹری کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ڈاکٹر ظفر مرزا کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ایئرپورٹس پر کرونا وائرس کے متعلق معلوماتی مواد پر مشتمل کاؤنٹر بنائے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اسپتالوں کے سربراہان ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کو یقینی بنائیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے شرکائے اجلاس کو بتایا کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کے لیے چینی سفیر اور عالمی ادارہ صحت سے رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت 19 انٹری پوائنٹس ہیں لیکن چین کے ساتھ سب سے اہم پوائنٹ سست بارڈر ہے جو برفباری کی وجہ سے اپریل تک کے لیے بند ہے۔