این ایل سی نے چمن بارڈر ٹرمینل پرکارگو کی اسکیننگ شروع کردی

85

راولپنڈی(آئی این پی)نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی)نے حکومتی پالیسی اور قومی سلامتی کے تحت چمن بارڈر ٹرمینل پر افغانستان کے لیے تمام درآمدی اوربرآمدی کارگو کی اسکیننگ شروع کردی۔ترجمان این ایل سی کے مطابق کارگو کی جانچ پڑتال کا مقصد تجارتی سامان کی آڑ میں ممنوعہ اشیا کی درآمد اور برآمد کو روکنا، ایف بی آر کی محصولات بڑھانا اور انسداد اسمگلنگ کی مد میں حکومت پاکستان کی مدد کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے چمن بارڈر ٹرمینل پر جدید اسکیننگ مشینیں نصب کی گئی ہیں جو کہ 40 فٹ تک کے کنٹینر کو بغیر کھولے مکمل معائنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان مشینوں سے ممنوعہ اشیا کی روک تھام کے ساتھ ساتھ کسٹم کلیئرنس کے عمل میں مزید تیزی آئے گی۔گزشتہ ہفتے کی شدید بارش اور برفباری سے کوئٹہ چمن شاہراہ کے ذریعے پاک افغان تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئیں جس سے خوجک ٹاپ کے دونوں اطراف کثیر تعداد میں کارگو کنٹینرز اور ٹرک پھنس گئے تھے۔ کارگو اسکیننگ کے خلاف چند کلیئرنگ ایجنٹس نے ہڑتال کی۔ خطے کی مخصوص صورتحال کے پیش نظر پاک افغان سرحد پر کارگو اسکیننگ ناگزیر ہے جو نہ صرف قانونی تجارت کے فروغ کا باعث بنے گی بلکہ ممنوعہ اشیا کی درآمد پر قابو پانے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔