پاکستان اور انگلینڈ آج تیسرے ٹیسٹ میں آمنے سامنے

213

 پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 ٹیسٹ میچز سیریز کا تیسرا میچ آج سے شروع ہورہا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان 4 میچوں کی سریز 1۔1 سے برابر ہے اور تیسرے میچ میں دونوں ٹیمیں برمنگھم کے ایڈبسٹن گراؤنڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے ٹکرائیں گی۔

مانچسٹرڈ ٹیسٹ میں 330 رنز سے شکست کے بعد مصباح الیون نے تیسرے ٹیسٹ میں کامیابی کے لئے بھرپور پریکٹس کی ہے اور برمنگھم کی فاسٹ پچ پر 4 کے بجائے 5 بولرز سے کھیلنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب انگلش ٹیم مانچسٹرڈ ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد اپنی کارکردگی برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے ۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن، اسٹارٹ براڈ اور کرس ووکس بڑا خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں جب کہ بیٹنگ لائن میں کپتان السٹرکک اور مانچسٹرڈ ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے جوئے روٹ گرین کیپس کے لئے مشکلات پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ایجبسٹن میں تیسرے ٹیسٹ کے لیے حتمی ٹیم کا اعلان کردیا جس میں بین اسٹوکس کی جگہ فاسٹ باؤلر اسٹیون فن کو شامل کرلیا گیا ہے۔دراز قامت اسٹیو فن لارڈز میں سیریز کے پہلے میچ میں خاطر خوا کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تھے جس کے بعد انھیں اور ڈیبو کرنے والے جیک بال کو اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ سے باہر کردیا گیا تھا۔فن ایجبسٹن میں آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ سیریز میں 8 وکٹیں حاصل کرکے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے جبکہ انھوں نے اب تک 33 ٹیسٹ میچوں میں 120 وکٹیں حاصل کی ہیں۔انگلینڈ کے کپتان الیسٹرکک کا کہنا تھا کہ اگر پچ کی صورت حال تبدیل ہوئی تو میچ سے قبل لیگ اسپنر عادل رشید کو حتمی ٹیم میں جگہ دی جاسکتی ہے۔

چار میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔الیسٹرکک (کپتان)، الیکس ہیلز، جو روٹ، جیمز وینس، گیری بیلنس، جونی بیئراسٹو (وکٹ کیپر)، معین علی، کرس ووکس، اسٹورٹ براڈ، اسٹیون فن، جیمز اینڈرسن شامل ہیں ۔

دوسری جانب قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہاہے کہ سیریز میں برتری حاصل کرنے کیلئے تیسرے ٹیسٹ میں تمام کھلاڑیوں کو 100فیصد کارکردگی دکھانی ہوگی۔ مصباح الحق کا کہناتھا کہ اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں بہتر کھیل پیش کر سکتے تھے مگر شکست کے بعد ہر کھلاڑی کو غلطی کا احساس ہواہے ہم ابھی بھی اچھا کھیل پیش کرسکتے ہیں ان کا کہناتھا کہ پچ اچھی ہے جس سے فاسٹ باولر ز کو مدد ملے گی۔