پرویزخٹک کی پی ٹی ایم قیادت کو مذاکرات کی دعوت

81

پشاور (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاع اور مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خان خٹک نے پشتون تحفظ موومنٹ کی قیادت اور ارکان پارلیمنٹ کو مذاکرات کی دعوت دے دی، پشتون تحفظ موومنٹ کو قومی دھارے میں شامل کرنے ان کے مسائل اور مشکلات سے آگاہی اور ان کے حل کیلیے راستہ ہموار کرنا ایجنڈے میں شامل ہے، پاکستان اس وقت جس نازک صورت حال سے گزر رہا ہے اس کے لیے قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، قبائل کا انضمام وقت کی ضرورت تھی اب پی ٹی آئی حکومت اور وزیراعظم عمران خان ضم شدہ اضلاع کے بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہتے ہیں۔ نوشہرہ میں اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ پشتون تحفظ موومنٹ کی قیادت اور ارکان اسمبلی کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں، تحریک انصاف حکومت سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، اس لیے پشتون تحفظ موومنٹ کے ساتھ مذاکرات وقت کی ضرورت ہے کیونکہ قبائل محب وطن پاکستانی ہیں اور قبائل نے ہمیشہ پاکستان کی بقا سلامتی اور استحکام کی جنگ لڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1948ء میں کشمیر کی جنگ میں قبائل نے بھرپور حصہ لیا اور آزاد کشمیر کی جدوجہد میں بھی عام عوام کیساتھ قبائل کی بھی قربانیاں شامل ہیں، پشتون تحفظ موومنٹ کے ساتھ بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کیلئے مخلص ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جائے اور ان کے تمام جائز مطالبات کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔