حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) 5 ماہ گزرنے کے باوجود کھوکھرمحلہ میں مسجد،درگاہ سے متصل مسمار کی گئیں غیرقانونی تجاوزات کا ملبہ نہیں ہٹایا جاسکا، قابضین نے ملبے پر دوبارہ قبضہ کرکے عارضی دکانیں قائم کرلیں ،بااثر قابضین نے متروکہ وقف املاک پر ریونیو ریکارڈ میں جعل سازی کرکے قیمتی اراضی اپنے نام منتقل کرلی تھی، ریونیو عدالت نے ریکارڈمیں کی گئی تمام انٹریوں کو بوگس قرار دے کر تمام املاک کو وقف اورمحکمہ اوقاف کی ملکیت قرار دیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ کے کھوکھر محلہ اور اطراف کے تمام علاقوں سے غیرقانونی تجاوزات پارکنگ ختم کرنے کے احکامات کی روشنی میں بلدیہ اینٹی انکروچمنٹ سیل نے 14ستمبر2019ء کوڈپٹی کمشنر عائشہ ابڑو کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد ارباب ابراہیم کی سرکردگی میں بڑا انسداد تجاوزات آپریشن کرتے ہوئے مسجد ودرگاہ محبت شاہ بخاریؒ سے متصل بلدیہ کی اراضی اور سڑک پر قائم 18 دکانیں ودیگر تجاوزات کو مسمار کردیا تھا، مگر 5 ماہ گزرنے کے باوجود مسمار کی گئیں تجاوزات کا ملبہ نہیں ہٹایاجاسکا ہے جس سے مسجد میں آنے والے نمازیوں اوردرگاہ میں آنے والے زائرین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑارہا ہے ،جبکہ مسمار کی دکانوں کے ملبے پر قابضین نے ایک بار پھر قبضہ کرکے عارضی دکانیں قائم کردیں ہیں ،کھوکھرمحلہ میں واقع مسجد ودرگاہ محبت شاہ بخاریؒ اوراس سے متصل متروکہ وقف املاک پر چنا خاندان نے ریونیو ریکارڈ میں جعل سازی کرکے اپنے نام منتقل کرلی تھی، جبکہ مذکورہ وقف املاک کی چاریواری کے ساتھ بلدیہ کی اراضی اور سڑک پر بھی قبضہ کرکے غیرقانونی دکانیں قائم کر رکھی تھی، جس پر ڈویژنل کمشنر نے ریونیو قانون سوموٹو کے تحت ریکارڈ میں درج تمام انٹرویوں کو بوگس اور جعلی قرار دیتے ہوئے خارج کردیا تھا ،جبکہ فرسٹ سینئرسول جج حیدرآباد کی عدالت نے بھی بلدیہ کی اراضی پر چنا خاندان کے قبضے کو غیرقانونی قراردیتے ہوئے تمام اراضی واگزار کرانے کے احکامات دیے تھے، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف نے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کو لکھے گئے خط میں استدعاکی تھی کہ مذکورہ دقف املاک عدالت عظمی سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں محکمہ اوقاف کی ملکیت ہے، لہٰذا مذکورہ اراضی کی ملکیت محکمہ اوقاف کے نام درج کی جائے مگر 10 ماہ سے زائد وقت گزرنے کے باوجود مذکورہ اراضی محکمہ اوقاف کے نام منتقل نہیں کی جاسکی ہے ،اورتاحال چنا خاندان نے مذکورہ متروکہ وقف املاک پرقبضہ کررکھا ہے ،علاقہ مکینوں نے ڈویژنل کمشنر محمد عباس بلوچ،ڈپٹی کمشنر عائشہ ابڑو،اسسٹنٹ کمشنر محمدارباب ابراہیم سے مطالبہ کیا ہے کہ درگاہ محبت شاہ بخاریؒ سے متصل مسمار تجاوزات کا ملبہ فوری ہٹایاجائے اور مسجد درگاہ سمیت تمام متروکہ وقف املاک عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق محکمہ اوقاف کے نام منتقل کرکے چنا خاندان کا قبضہ ختم کرایا جائے۔