کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان عوامی پارٹی کے سیکرٹری جنرل منظور کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجوکا اپنے ہی حکومت کے خلاف بیانات دینا درست عمل نہیں تاہم اختلاف رائے ان کا حق ہے، پارٹی کے اندر اختلافات جمہوریت کا حسن ہے، اگرجو بھی اختلافات ہے پارٹی میں آئے دور کریں گے، وزیراعلیٰ جام کمال اتحادیوں کے ساتھ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کوشاں ہیں،بلوچستان عوامی پارٹی کا پالیمانی پارٹی کا اجلاس 28جنور ی کو طلب کرلیا ہے، جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے منطور کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نہ صرف اب بلوچستان کی حدتک بلکہ ملکی سطح پر مقبولیت حاصل کرچکی ہے اور مخالفین کو یہ سب برداشت نہیں ہورہا، بی اے پی نے بلوچستان میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ حکومت بنا کرجام کمال کو منتخب کیا جس کے بعد صوبے میں گڈگورنس ،ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل ،روزگار،صحت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں کے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جس کے ثمر ات واضح طور پر نظر آرہے ہیں اور اتحادی جماعتیں بھی وزیراعلیٰ جام کمال کے وژن پر مکمل اعتماد کررہے ہیں۔انہوں کہا کہ ہماری جماعت وفاق میں پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت ہے مگر صوبے کے حقوق کے حوالے کوئی سمجھوتا کرنے کے لیے تیار نہیں ،حالیہ گیس ،بجلی کے معاملے پر بلوچستان عوامی پارٹی نے وفاق میں بھر پور آواز اٹھائی اور مسائل کے حل تک گئے۔انہوں نے کہا کہ ملکی سیاسی صورتحال ،حکومتی کارگردگی سمیت دیگراہم امور زیر بحث لانے کے لیے پالیمانی پارٹی کا اجلاس 28جنوری کو طلب کرلیا ہے جس میں صوبائی و فاقی ارکان اسمبلی ،وزراء،سینٹرز سمیت دیگر رہنما شریک ہوںگے۔