سندھ حکومت کے دعوے دھرے رہ گئے، آٹے کی قیمت میں کمی نہیں آ سکی

503

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کے اقدامات اور بڑے دعوے دھرے رہ گئے، آٹے کی قیمت میں کمی نہ آ سکی۔ فائن آٹا 65 اور چکی کا آٹا 70 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے،سندھ حکومت کے دعوے اور اعلانات آٹے کی قیمتوں میں کمی نہ آ سکی، منافع خوروں نے سندھ حکومت کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا ہے،

کراچی میں فائن آٹا 65 روپے جبکہ چکی کا آٹا 70 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے،

فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پاسکو کی جانب سے گندم کی فراہمی جاری ہے، گندم کی ترسیل مسلسل بہتر ہونے سے آٹے کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے،

ملک بھر میں گندم کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے تاہم آٹے کی قیمت میں تاحال کوئی کمی نہیں کی گئی ہے،گندم کی 100 کلو گرام کی بوری قیمت میں 500 روپے کی کمی دیکھی گئی ہے۔

گندم کی 100 کلو گرام کی بوری اوپن مارکیٹ میں 4 ہزار 500 سے 4 ہزار 600 کے درمیان فروخت ہورہی ہے، گندم کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد بھی فلور ملز نے آٹے کے نرخ میں کمی نہیں کی ہے،

فلور ملز کو سرکاری گندم کی فراہمی کے بعد بھی آٹے کے نرخ کم نہیں کیے گئے جبکہ سرکاری گندم کا کوٹہ تا حال جاری نہیں کیا گیا ہے۔چکی والوں کے لیے 50 ہزار بوری گندم کا کوٹہ مقرر کیا گیا تھا تاہم چکی مالکان کو سرکاری کوٹے کی گندم کے چالان ابھی تک جاری نہیں کیے گئے ہیں،

شہریوں نے حکومتی آٹے کی قیمتوں میں کمی کے اعلانات کو بھی نمائشی قرار دے دیا۔ شہری کہتے ہیں کہ حکومت کی جانب سے آٹے کی قیمت کے لئے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔