حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ہالا اور مٹیاری کے درمیان کچے کے علاقے سالاری میں رند اور بروہی برادری کے درمیان خوفناک تصادم، تین خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے، فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال حیدر آباد منتقل، ایس ایچ او سالارو معطل، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے، علاقے میں کشیدگی، ورثا کا ہائی وے پر دھرنا۔ مٹیاری اور ہالا کے درمیان سالارو کے علاقے میں بروہی اور رند برادری کے درمیان تصادم اور فائرنگ سے تین خواتین سمیت چھے افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد مقتولین کے ورثا نے نیشنل ہائی وے پر دھرنا دیا اور فوری طور پر قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا، جس پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی حیدر آباد ایس ایچ او سالارو کو فوری طور پر معطل کردیا۔ ایس ایس پی مٹیاری نے پہنچ کر دھرنے کے شرکا سے بات چیت کی اور فوری طور پر 14 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے 8 افراد کو شک کی بنا پر حراست میں لے لیا گیا، جبکہ ڈی آئی جی نے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے حیدر آباد پہنچایا گیا۔