باڑہ: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ محمود خان کے ممکنہ دورے باڑہ پر جماعت اسلامی ضلع خیبر نے احتجاج کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی ضلع خیبر کے نائب امیر شاہ فیصل آفریدی نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے وعدوں کی تکمیل میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ ہم وزیر اعلٰی خیبر پختونخواہ محمود خان کے ممکنہ دورے باڑہ پر بھر پور احتجاج کا اعلان کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی کا دورہ صرف دکھاوا ہے۔ ہمیں نمائشی دورے قبول نہیں جبکہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہو۔
نائب امیر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ایم پی اے اور ایم این اے گونگے اور بہرے ہیں جو کہ عوام کے مسائل سے لاعلم ہیں۔
انہوں نے ضلع خیبر کے اہم مسائل کی طرف نشاندہی کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے۔ بٹہ تل سڑک کی رنگ روڈ تک تعمیر، تعلیمی اداروں اور تاجروں کے کاروبار کی بحالی، ڈوگرہ ہسپتال کی صورتحال میں مزید بہتری، مسمار شدہ دکانوں کا معاوضہ اور فورسز کے زیراستعمال عوامی جگہوں کو خالی کیا جائے۔