سندھ وفاق تنازع ختم… عوام کو کیا ملا

130

یہ امرپیپلزپارٹی اور تحریک انصاف دونوں کے لیے باعث اطمینان ہے کہ سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کے درمیان تصادم کی صورتحال ختم ہوگئی ہے ۔ دونوں پارٹیاں آئی جی سندھ کے نام پر متفق ہوگئی ہیں۔ توقع ہے کہ اب یہ دونوں پارٹیاں بھی جلد ہی ایک صفحے پر نظر آئیں گی ۔ اس سے عوامی مسائل تو حل نہیں ہوسکیںگے مگرپیپلزپارٹی کی قیادت کو ضرور ریلیف ملے گا اوران کے خلاف نیب کی کارروائیاں بھی مدھم پڑتے پڑتے معدوم ہوجائیں گی ۔ اس سے عمران خان نیازی کو بھی ریلیف ملے گا اور انہیں وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ بقیہ تین صوبوں میں بھی بلیک میلنگ سے نجات ملے گی اور یوں وہ باغی افراد کی سرکوبی زیادہ آسانی کے ساتھ کرپائیں گے ۔ مگر اس میں عوام کے لیے کوئی خوش آئند بات نہیں ہے کہ سندھ میں بھی کرپشن کا طوطی بول رہا ہے اور وفاق کے زیر انتظام ریلوے اور پی آئی اے میں عدالت عظمیٰ کے ریمارکس ہی سب کچھ بتانے کے لیے کافی ہیں ۔ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے اپنے قائدین کے مفادات کے تحفظ کے لیے ایک دوسرے سے ہاتھ ملایا ہے ، اگر یہ اتحاد عوامی مسائل کے حل کے لیے ہوتا تو عوام بھی اس کا خیر مقدم کرتے ۔