حکومتی 8 نکاتی یکجہتی کشمیر ایکشن پلان‘ سرکاری اداروں میںتقریبات کااعلان

216

راولپنڈی(آن لائن) وزیراعظم سیکرٹریٹ سے جاری کیے گئے 8 نکاتی یکجہتی کشمیر ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں سرکاری اداروں کی طرف سے تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، جن کا مقصد کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی تائید و حمایت کو اجاگر کرنا ہے۔ یاد رہے کہ یکجہتی کشمیر ایکشن پلان کی تقریبات کا آغاز 25جنوری2020ء سے کیا جاچکا ہے، ایکشن پلان کے تحت عوامی مقامات پر سفید رنگ کے بڑے بڑے بورڈنصب کیے گئے ہیں جن پر عوام اردو، انگریزی یا کسی بھی بین الاقوامی زبان میں کشمیر پر5 فروری تک پیغامات لکھ سکتے ہیں جبکہ 20 فروری تک تعلیمی اداروں میں مضمون نویسی کے مقابلے اور مباحثے منعقد ہوں گے۔ مزید برآں تمام آرٹس کونسلوں میں کشمیر سے متعلق تصویری نمائشوں کا انعقاد جاری ہے، اسی طرح 31 جنوری سے8 فروری تک ملک میں تمام ہوائی اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں، موٹر وے اور نیشنل ہائی ویز پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے بینرز آویزاں کرنے کے ساتھ دستاویزی اور کشمیری نغموں کا اہتمام کیا جائے گا۔ اسی طرح یکم فروری سے 20فروری تک ہاکی اور فٹ بال کے میچز، بینرز اور پینا فلیکس کی آویزاں، 2فروری سے 5فروری تک مختلف شاپنگ مالز میں کشمیر سیل کی طرف سے خصوصی دستاویزی فلمیںدکھائی جائیں گی اور 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھرپور عوامی شرکت سے تقریبات اور ریلیاں اضلاع کی سطح پر منعقد کی جائیں گی جن سے تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی خطاب کریں گے جبکہ 6فروری سے 20فروری تک نسٹ، سینٹ کام، رفاع اور دیگر تعلیمی اداروں میں سیمینارز منعقد ہوں گے جن سے وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان خطاب کریں گے۔