سندھ مدرستہ السلام یونیورسٹی اور کراچی پریس کلب کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

478

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی اور کراچی پریس کلب کے درمیان تعلیم اور استعداد کار کو فروغ دینے کے لئے مفاہمتی یاداشات پر دستخط کیے گئے۔دستخط کی تقریب بدھ کو سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے سینیٹ ہال میں منعقد کی گئی۔معاہدے پر دستخط جامعہ سندھ مدرستہ الاسلام کے رجسٹرار گلزار احمد مغل اور کراچی پریس کلب کے سیکرٹری ارمان صابر نے کیے،

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ کراچی پریس کلب اور سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کا تعلق پرانا ہے۔دونوں اداروں کی تاریخ بڑے بڑے کارناموں سے جڑی ہوئی ہے،آج کا دن ایس ایم آئی یو کیلئے خوشی کا دن ہے کہ ہم کے پی سی کیساتھ معاہدہ کرکے آپس میں تعلقات جوڑ رہے ہیں، ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ کے پی سی کی تاریخی اہمیت ہے اور اس پریس باڈی کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کرنا ایس ایم آئی یو کے لئے اعزاز کی بات ہے،

انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب پاکستان کا ایک معتبر ادارہ ہے جس نے ہمیشہ جمہوریت اور اظہارکی آزادی کیلئے جدوجہد کی ہے۔ سندھ مدرستہ الاسلام نے 1885 سے جو کردار ادا کیا ہے اس نے تاریخ کو تبدیل کردیا ہے۔ اس ادارے کی وجہ سے آج ہم یہاں موجود ہیں،

ایم او یو کے مطابق ایس ایم آئی یو میں کراچی پریس کلب کے ارکان کے بچوں کے لئے اعزازی تعلیم اور دور جدید کے حوالے سے ا پنے اسکلز کو بڑھانے کے لئے شارٹ کورسسز، کیر یئر کو نسلنگ کے لئے ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا،جبکہ کراچی پریس کلب فیلڈ میں کام کرنے والے صحافواں کے ذریعے ایس ایم آئی یو میں شعبہ صحافت کے طالبعلموں کو لیکچرز دینے یا شعبہ صحافت میں تحقیقات سے متعلق سرگرمیوں اورتکنیکی معاونت کے لیے خدمات فراہم کرے گا۔ کے پی سی کے ارکان صحافتی میدان میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں جن کے ذریعے ایس ایم آئی یو کے طلباء میڈیا کے رجحانات سے آگاہ ہوں گے،ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ سندھ مدرستہ الاسلام میں کافی ایسی سہولیات ہیں جن سے کراچی پریس کلب فائدہ حاصل کرسکتا ہے۔ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کراچی پریس کلب کے ممبران کے بچوں کی تعلیم کے حصول میں ہر ممکن رہنمائی اور مدد کرے گا،
کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران نے کہا کہ آج کا دن ہماری گورننگ باڈی کیلئے ایک تاریخی دن ہے کیونکہ آج ہم نے ایک ایسے عظیم ادارے کے ساتھ بہت بڑا اہم معاہدہ کیا ہے جو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا مادر علمی ہے،

یہ سندھ کے لوگوں کا پاکستان کیلئے عظیم تحفہ ہے کیونکہ جس وقت انگریز برصغیر پر حکومت کررہے تھے تو انہوں نے دیگر علاقوں میں تو تعلیمی ادارے قائم کیے مگر مزاحمتی عنصر کے باعث سندھ میں کوئی تعلیمی ادارے نہیں بنائے۔ یہ سندھ کے لوگ تھے جنہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے لیے تعلیمی ادارے قائم کیے،بعد ازاں کراچی کے پریس کلب کے وفد نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی اور جناح میوزم کا تفصیلی دورہ کیا۔جبکہ وائس چانسلر سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی شیخ نے صدر کراچی پریس کلب امتیاز خان فاران اور سیکرٹری ارمان صابر کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔وفد میں پریس کلب کی گورننگ باڈی اور پریس کلب کی تعلیمی کمیٹی کے ارکان بھی شامل تھے۔