حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد جوہڑ کا منظر پیش کرنے لگا، سٹی، لطیف آباد، قاسم آباد سمیت دیگر علاقوں میں اہم شاہراہوں پر سیوریج کا بہتا پانی بلدیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے حیدرآباد کی اہم ترین شاہراہوں اسٹیشن روڈ پر کوہ نور چوک کے قریب ‘ سخی پیر لیاقت کالونی کی اہم اور واحد سڑک‘ لطیف آباد یونٹ نمبر8,12اللہ والی مسجد اور مین بازار‘ یونٹ نمبر2مسرت ہال روڈ‘ یونٹ نمبر6عائشہ مسجد روڈ‘ مکرانی پاڑہ‘ رشی گھاٹ‘ مکی شاہ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں سیوریج کا پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے جس کے باعث شہر مکمل طور پر تعفن زدہ اور گندے پانی کے تالاب کا منظر پیش کررہا ہے لیکن بلدیہ افسران ‘ واسا حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ شہر کے اہم تجارتی مرکز جامعہ کلاتھ مارکیٹ، سٹی کالج روڈ کے انجمن تاجران کے چیئرمین یوسف میمن کی سربراہی میں اتحادی یونین کے وفد نے میئر حیدرآباد طیب حسین سے ملاقات کی اور انہیں سٹی کالج روڈ کے مسائل، اسٹریٹ لائٹ، صفائی، گندے پانی کی عدم نکاسی، روڈ پر قائم کچرا کنڈی، کلاتھ مارکیٹ چوک پر الیکٹرک ٹاور لگانے سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ دوسری جانب سخی پیر کے رہائشی افراد اور تاجروں نے مسلسل علاقے میں گندے پانی کی عدم نکاسی پر سخت رد عمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اگر فوری طور پر صفائی ستھرائی کا انتظام نہیں کیا گیا تو سخت احتجاج کیا جائے گا۔