بلوچستان : حادثات و واقعات میں 3 افراد جاں بحق ،11زخمی

107

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان میں مختلف حادثات و واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور 5 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد
زخمی۔ ضلع جعفرآباد میں قیدیوں کی پولیس وین اورکار میں تصادم کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاراور6 قیدیوں سمیت11 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی پولیس اہلکار عبدالستار،غلام رسول ،نہال خان ،امام دین اور قیدی سیف اللہ ،منظوربلیدی اسپتال منتقل ،4 قیدی اور2پولیس اہلکار سندھ کے اسپتالوں جیکب آباد،لاڑکانہ اورسکھرمنتقل۔ لسبیلہ کے ضلعی صدر مقام اوتھل سے 30کلومیٹر دور مین آرسی ڈی شاہراہ پر کوئٹہ سے کراچی جانے والی شاندار مسافرکوچ نے ٹیارہ کے مقام پر مخالف سمت سے آنیوالی موٹرسائیکل کو ٹکرماردی جسکے نتیجے میں 60سالہ کریم بخش ، ساکن سندھ ضلع نواب شاہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ، کوچ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ،لیویز فورس نے کوچ تحویل میں لیکر تفتیش شروع کردی۔ ضلع گوادر میں سربندن کے قریب مچھلی کا شکار کرنے والی کشتی اچانک سمندر میں ڈوب گئی ، کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد 4 ماہی گیروں کو بچا لیا گیا جبکہ ایک ماہی گیر جاں بحق ہو گیا ، لاش اور بچائے گئے ماہی گیروں کو اسپتال منتقل کیا گیا ۔خضدار میں لیویز فورس سے مبینہ مقابلے میں مجیب الرحمن مارا گیا، لیویز کے مطابق موٹر سائیکل سوار کو چوکی پر روکنے کی کوشش کی تو اس نے فائرنگ کردی جوابی فائرنگ سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔