۔20 سالہ نادیہ گاڈھائی بازیاب، ملزم گرفتار، تین ساتھی فرار

88

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) انچارج پولیس پوسٹ نسیم نگر انسپکٹر زاہد اقبال چانڈیو کا خفیہ اطلاع پر عبداللہ مال بائی پاس کے قریب چھاپا 11 جنوری کو شہباز کالونی قاسم آباد سے اغوا ہونے والی 20 سالہ شادی شدہ خاتون مغویہ مسمات نادیہ گاڈھائی کو بازیاب کرکے ایک ملزم سہیل لاشاری کو گرفتار کرلیا، جبکہ ملزم کے دیگر تین ساتھی فرار ہوجانے میں کامیاب ہوگئے۔ مغویہ نادیہ اور ملزم سہیل لاشاری کو پولیس پوسٹ نسیم نگر نے سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ نمبر 8 کی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت میں بیان ریکارڈ کراتے ہوئے مغوی نادیہ نے عدالت کو بتایا کہ گرفتار ملزم سہیل لاشاری اپنے دیگر تین ساتھیوں عارف، ریاض اور قادر سے مل کر زبردستی اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے گئے تھے، جہاں یہ لوگ میرے ساتھ جنسی زیادتی کر نا چاہتے تھے مگر میری جانب سے رونے دھونے اور قرآن کے واسطہ دینے پر مجھے چھوڑ دیا گیا، بعد میں خوف سے شدید بیمار ہوگئی اور ٹھیک نہ ہونے پر ملزمان مجھے واپس گھر کے پاس چھوڑنے کے لیے آرہے تھے کہ پولیس نے چھاپا مار کر پکڑ لیا اب وہ اپنے شوہر امتیاز کے ہمراہ جانا چاہتی ہے ۔ شوہر کے ہمراہ جانے کی خواہش پر عدالت نے مغویہ نادیہ کا اس کے شوہر کے ہمراہ جانے کی اجازت دیتے ہوئے ملزم سہیل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم سنایا۔ واضح رہے کہ پولیس پوسٹ نسیم نگر پر شہباز کالونی کے رہائشی رکشہ ڈرائیور امتیاز گاڈھائی نے اپنی 20 سالہ بیوی مسمات نادیہ کو زنا کی نیت سے اغوا کرنے کے الزام میں ملزمان سہیل، عارف، ریاض اور قادر پر مقدمہ درج کرایا تھا۔