حیدرآباد:دودھ کی قیمت میں من مانا اضافہ،شہریوں کا کمی کا مطالبہ

87

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) آل حیدر آباد فارمرز ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں شوکت علی جتوئی نے حیدر آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فی لیٹر دودھ کی قیمت میں 10 روپے اضافے کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد اب دودھ یکم فروری سے شہر میں 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے فروخت کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے، جس کا شکار ڈیری فارمرز بھی ہورہے ہیں۔ دودھ دینے والے جانور سے لے کر غذائی اجناس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے، فارمرز پچھلے ڈیڑھ سال سے مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ انتظامیہ سے بار بار درخواست کرنے کے باوجود ہمیں ہمارے جائز ریٹ نہیں دیے جارہے، جس پر ہم بحالت مجبوری یکم فروری سے فارم کے دودھ کی قیمت 100 روپے فی لیٹر کرنے پر مجبور ہیں۔ اگر اجناس کی قیمتیں کم نہ ہوئیں تو ہم یکم مارچ سے دودھ کی قیمت میں مزید اضافے کا اعلان کرنے پر مجبور ہوں گے۔ واضح رہے کہ حیدرآبا دمیں ریٹیلرز پہلے ہی 96 روپے لیٹر دودھ فروخت کررہے ہیں۔ دودھ کی قیمت میں 10 روپے کے من مانے اضافے سے دودھ کی قیمت 106 روپے ہوجائے گی، جو غریب عوام پر ایک اور مالی بوجھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 90 روپے فی کلو دودھ فروخت کرنے پر ہمیں نقصان برادشت کرنا پڑرہا ہے، اس لیے اس نرخ پر دودھ فروخت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ باڑوں کے دودھ کی قیمت 100 روپے فی کلو کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ دوسری صورت میں ہم یکم فروری سے ازخود 100 روپے فی کلو دودھ فروخت کریں گے۔ دوسری جانب عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آل حیدر آباد فارمرز ایکشن کمیٹی کے من مانے اضافے کو فوری طور پر روکا جائے۔