حیدر آباد، ٹنڈوالہٰیار، جیکب آباد، سکھر (اسٹاف رپورٹر، نمائندگان جسارت) قومی شاہراہ پر ہٹڑی تھانے کی حدود میں ٹرالر اور کار میں تصادم کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال حیدر آباد منتقل کیا گیا۔ ٹنڈوالہٰیار میں سنجر چانگ تھانے کی حدود میں ٹریفک حادثہ، تیز رفتار موٹر سائیکل اونٹ گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک، دو خواتین زخمی ہوگئیں۔ کولہی برادری سے تعلق رکھنے والے پربھو کولہی اپنی فیملی کے ساتھ موٹر سائیکل پر فاروق آباد سے گلاب لغاری شادی میں شرکت کے لیے جارہے تھے کہ چمبڑ شوگر مل کے قریب موٹر سائیکل اونٹ گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے نیتجے میں 35 سالہ پربھو کولہی، اس کا بھتیجا 15سالہ دیوان کولہی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ اس کی 30 سالہ بیوی مسمات شانی اور بیٹی 8 سالہ نیتری شدید زخمی ہوگئے، جن کو تعقلہ اسپتال چمبڑ پہنچایا گیا۔ جیکب آباد میں قبائلی تنازعہ پھر بھڑک اٹھا، موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ہوٹل پر چائے پینے والے محکمہ صحت کے ملازم کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، ملزمان فرار۔ جیکب آباد میں ایک بار پھر جکھرانی اوڈھو قبائلی تنازعہ شدت اختیار کرگیا ہے۔ جمعرات کی صبح جیکب آباد کے صدر تھانے کی حدود میں واقعہ بولان محلے میں ڈی ایچ او آفس کے سامنے ہوٹل پر چائے پینے والے محکمہ صحت کے لیب ٹیکنیشن 45 سالہ ممتاز جکھرانی کو موٹر سائیکل سوار دو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ اطلاع پر پولیس نے جائے وقوعہ پہنچ کر لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال پہنچائی۔ اس موقع پر مقتول کے چچا زاد وحید نے بتایا کہ ممتاز سارگانی جکھرانی کو اوڈھو برادری کے مسلح افراد نے قتل کیا ہے۔ سکھر پنوعاقل کے تھانہ بائیجی کی حدود میں پولیس کا مسلح ڈاکوؤں کیساتھ مقابلہ، مزید نفری طلب کرلی گئی۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے مطابق سکھر کے تھانہ بائیجی کی حدود کے قریب پولیس مقابلے میں بدنام زمانہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے 5 ساتھی فرار ہوگئے۔ گرفتار ڈاکو سے ٹی ٹی پستول، میگزین اور گولیاں برآمد چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے جبکہ گرفتار ڈاکو کی شناخت نظام الدین بھرچونڈ کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم گزشتہ دو ماہ سے پنوعاقل شہر کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ گرفتار ڈاکو سی سی ٹی وی فوٹیج سے نشاندہی کی گئی، سی سی ٹی وی میں ملزم سبزی منڈی بائیجی کے قریب سے موٹر سائیکل چوری کر کے ساتھ لے جارہا ہے، گرفتار ڈاکو پولیس کو متعدد چوری ڈکیتی قتل، اقدام قتل سمیت سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب تھا۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر اضلاع سے درج مقدمات کی معلومات لی۔