کرپشن کے متعلق نیب بلوچستان کی کھلی کچہری کا انعقاد

118

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)کرپشن سے متعلق عوام کی شکایات سننے کے لیے نیب بلوچستا ن میں کھلی کچہری لگائی گئی۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دور دراز علاقوں سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ پیش ہو کر مختلف وفاقی و صوبائی محکموں کے کرپٹ افسران و اہلکاروں کے خلاف بدعنوانی اور عوام سے دھوکا دہی، مفاد عامہ کے منصوبوں میں مبینہ کرپشن کی نشاندہی کی اور ڈی جی نیب سے ان پر کارروائی کی درخواست کی۔ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان فرمان اللہ خان نے اس موقع پر تمام سائلین کو نیب کے قانون این اے او 1999 کے دائرہ کار میں آنے والی تمام شکایت پر بھرپور کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ڈی جی نیب بلوچستان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کے وڑن اور’’ احتساب سب کے لیے یکساں‘‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور وطن عزیز سے بد عنوانی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے بد عنوانی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام مکاتب فکر کی کرپشن سے نفرت کے جذبات کی ترویج کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب بیورو کرپشن کے کیسز کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ تمام مکاتبِ فکر کے ساتھ شعور و آگاہی کی مہم بھی کامیابی سے چلا رہا ہے۔نیب بلوچستان عوام سے دھوکا دہی کے کیسزکی تحقیقات میرٹ کے مطابق کر رہا ہے تا ہم وائٹ کالر کرائم کو منطقی انجام تک پہنچانے اور قانون کی گرفت میں لانے کے لیے وقت در کار ہو تا ہے۔ انہوں نے کرپشن کے تدارک کیلیے عوام کی شرکت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی نشاندہی کی جائے، نیب بھرپور کارروائی کرے گا۔