القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کا امریکی اعلان قابل مذمت ہے،سینیٹر مشتاق خان

70

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نے کشمیر اور کشمیری عوام کو یکسر بھلا دیا ہے، حکمران اس ٹرمپ سے کشمیر کی ثالثی کرانا چاہتے ہیں جس نے بیت المقدس اسرائیل اور یہودیوں کو دے دیا۔ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کے امریکی اعلان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بیت المقدس امت مسلمہ کا ہے، دنیا کی کوئی طاقت بیت المقدس کی ملکیت امت سے چھین نہیں سکتی۔ موجودہ حکومت کے 18 ماہ میں کرپشن میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ حکومت پر شوگر ملز مافیا کا قبضہ ہے، ایک شخص نے پہلے 5 لاکھ ٹن گندم سستے داموں برآمد کی اور اب وہی شخص 3 لاکھ ٹن گندم مہنگے داموں درآمد کررہا ہے۔ حکومت اپنی صفوں میں موجود مافیا کیخلاف کارروائی کرے اور انہیں گرفتار کرے۔ پاکستان پر غلامان امریکا کی حکومت ہے، گزشتہ اور موجودہ حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کی آئی ایم ایف مارکہ حکومت نے پاکستانی معیشت کا بیڑہ غرق ہوگیا ہے۔ 22 مارچ کو پشاور میں صوبہ بھر کے نوجوانوں کے لیے یوتھ کنونشن منعقد کررہے ہیں۔ یوتھ کنونشن میں نوجوانوں کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے جدوجہد کرنے کا پروگرام دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ لاہور میں بونیر اور دیر سے آئے ہوئے جماعت اسلامی کے کارکنان کی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی بونیر کے امیر حلیم باچا، جنرل سیکرٹری و دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ قبلہ اول مسلمانوں کا ہے، اس پر عیسائی یا یہودی تسلط کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ افسوس کا مقام ہے کہ کچھ اسلامی ممالک بیت المقدس کو اسرائیل کو دینے کے امریکی صدر کے اعلان کی حمایت کررہے ہیں۔ اس مسئلے پر او آئی سی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی کرپشن پر صوبائی وزرا بھی چیخ پڑے ہیں اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پر کرپشن کے الزامات لگا دیے ہیں۔ کرپشن میں اضافے کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کی چیخیں نکال دی ہیں۔ آٹا، گھی، چینی، دالیں، سبزیاں، بجلی، گیس اور استعمال کی دوسری اشیا مہنگی کرکے عوام کا معاشی استحصال کیا۔ ایسے حکمرانوں کو حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں۔ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر حکومت کی کرپشن اور مہنگائی کیخلاف تحریک چلا رہی ہے، ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک اس کرپٹ حکومت کو گھر نہیں بھیج دیتے۔